ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی اے اے سے ملک میں نہیں چھینے گی کسی کی شہریت:مودی

سی اے اے سے ملک میں نہیں چھینے گی کسی کی شہریت:مودی

Wed, 18 Dec 2019 10:29:35    S.O. News Service

صاحب گنج (جھارکھنڈ)،18 /دسمبر (ایس او نیوز/یواین آئی) وزیر اعظم نریندرمودی نے کانگریس اور بایاں محاذ پر شہریت ترمیمی قان (سی اے اے) کی وجہ سے مسلمانوں کو خوف زدہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج دعویٰ کیاکہ اس قانون سے ملک میں ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی اور پارسی کسی بھی فرقہ کے لوگوں کی شہریت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سنیئر لیڈر مسٹر مودی نے یہاں برہیٹ اسمبلی حلقہ کے بھوگنا ڈیہہ میں جھارکھنڈ اسمبلی انتخابی تشہیرکیلئے اپنی آخری انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس اور بایاں محاذ نے سی اے اے کی وجہ سے مسلمانوں کوخوف زدہ کرنے میں اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ لیکن میں جھارکھنڈ میں بہادروں کی اس سرزمین سے ملک اور ہر ایک شہری کو پھر سے یقین دلاتا ہوں کہ اس قانون کے اثر انداز ہونے سے ملک کے کسی بھی فرقہ کے شہری چاہے وہ ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی یا پارسی ہوں کی شہریت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مودی نے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں مذہبی تشدد کے شکار ہوئے ہندو، سکھ، عیسائی، پارسی، بودھ اور جین فرقہ کے لوگوں کے ہندوستان آنے کیلئے بنایا گیاہے۔ یہ قانون ان کے لئے بنایا گیا ہے جو ان ملکوں میں سالوں سے قابل رحم حالت میں ہیں اور ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس سے مسلمان یا ملک کے کسی بھی شہری کے حقوق کو کہاں چھیناجارہاہے۔ یہ قانون کسی ہندوستانی کا حق نہیں چھینتا لیکن پھر بھی کانگریس اور اس کے حامی مسلمانوں کو خوف زدہ کر کے سیاسی کھچڑی پکانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی ”تقسیم کرو اور سیاست کرو“ کی پالیسی سے ملک ایک بار تقسیم ہوچکا ہے۔ یہ وہی کانگریس ہے جس نے لاکھوں دراندازوں کو ہندوستان میں داخل ہونے دیا اور ان کا ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے لوگوں کو ڈرانے اور جھوٹ بات پھیلانے کوہی اپنی سیاست کی بنیاد بنا لیا ہے۔ وہ عوام کی خدمت کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو ڈراکر اور جھوٹ پھیلا کر سیاست کرنے کی اپنی عادت پر آج بھی قائم ہے۔ مودی نے سی اے اے کی مخالفت میں طلباء۔ طالبات کے مظاہرے پر کانگریس اور اس کے حامیوں پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاکہ جس غریب ماں۔ باپ نے محنت۔ مزدوری کر کے اپنے بچوں کو پڑھانے کیلئے بھیجا ہے ان کے خوابوں کو تہس نہس کیوں کررہے ہو۔ کانگریس ملک کے نوجوانوں کو برباد کرنے والا کھیل کھیلنا بند کردے۔ اس سے کسی کا بھلانہیں ہوگا۔وزیراعظم نے مظاہرہ کر رہے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ”میں ملک کی یونیورسیٹیوں اور کالجوں میں پڑھنے والے طلباو طالبات سے گذارش کرتاہوں کہ آپ اپنی زندگی کے مقصد اور اپنے مقام کی اہمیت کو سمجھیں۔ حکومت کی پالیسیوں کو لیکر آپ بحث کریں۔ اگر آپ کو کچھ غلط لگتاہے تو اس سے جمہوری طریقے سے حکومت تک پہنچائیں۔ حکومت آپ کے مسائل کو سنے گی بھی اور اسے سمجھے گی بھی۔ لیکن آپ کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ کہیں کچھ جماعت مبینہ اربن نکسل اور اپنے آپ کو اسکالر کہنے والے لوگ آپ کے کندھے پر بندوق رکھ کر اپنا سیاسی الو تو سیدھانہیں کر رہے ہیں۔ آپ کی بربادی کے پیچھے یہ سازش تونہیں ہے“۔


Share: